سکھر،علی واہن ڈسپنسری کی عمارت مخدوش ،4 ماہ سے بجلی معطل

298

سکھر (نمائندہ جسارت) علی واہن ڈسپنسری کی عمارت مخدوش ہوگئی، چھت کا پلستر جھڑنے لگا، عملے ومریضوں میں خوف و ہراس، چار دیواری بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار، ڈسپنسری کے اطراف گندگی کے ڈھیر، کئی ماہ سے بجلی کی فراہمی معطل، ملازم اپنی مدد آپ کے تحت سولر پلیٹیں استعمال کرنے پر مجبور۔ روہڑی کے علاقے علی واہن میں گورنمنٹ ڈسپنسری علی واہن کی سرکاری عمارت انتہائی مخدوش ہوگئی، چھت کا پلستر کمزور ہوکر جھڑنے لگا ہے اور آئے روز چھت سے پلستر گرنے کے واقعات معمول بن چکے ہیں، جس کی وجہ سے روزانہ ڈیڑھ سو سے دو سو اوپی ڈی والی ڈسپنسری میں تعینات عملہ اور یہاں آنے والے مریضوں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے جبکہ ڈسپنسری کی چار دیواری ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے آوارہ کتے دیوار کے ٹوٹے حصوں سے اندر داخل ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے ڈسپنسری میں موجود مریضوں اور عملے میں خوف وہراس پھیل جاتا ہے جبکہ انتظامیہ کی غفلت کے باعث ڈسپنسری کو چار ماہ سے بجلی کی سپلائی بند کردی گئی ہے، جس کی وجہ سے سخت گرمی اور حبس سے بچنے کے لیے تعینات عملے کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت سولر پلیٹیں لگا کر پنکھے اور روشنی کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔