لاڑکانہ، ایک گھنٹے کی بارش سے نظام زندگی مفلوج

176

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر اور گردنواح میں گزشتہ روز بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ ایک گھنٹے کی بارش سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ میونسپل اور ضلعی انتظامیہ کی نااہلی اور سیوریج سسٹم کی ناقص حالت کے باعث بارش کا پانی امپائر روڈ، بندر روڈ، باقرانی روڈ، ریشم گلی، سرھیہ پدھر، رحمت پور، ٹینک چوک، گاسلیٹ ڈیپو، حیدری محلہ، بھینس کالونی اور دڑی سمیت گلی محلوں میں کھڑا ہوگیا۔ بارش کی وجہ سے مارکیٹیں ویران ہوگئیں جبکہ کاروبار بھی شدید متاثر ہوا۔ بارش ہوتے ہی بجلی نے بھی عوام کا ساتھ چھوڑ دیا، جس کے باعث ڈرینیج کے پانی کی نکاسی کی موٹریں بھی بند ہوگئیں۔ شہریوں نے میونسپل اور ضلعی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے برساتی پانی کی نکاسی اور صفائی کے بہتر انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔