لاڑکانہ، فرائض میں غفلت پر 25 پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی

311

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے عوامی شکایات اور فرائض میں غفلت برتنے پر 25 پولیس اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے 10 پولیس اہلکاروں کو کوارٹر گارڈ بند کرنے، 14 پولیس اہلکاروں کو ایکسٹرا ڈرل جبکہ ایک اہلکار عبدالرسول ناریجو کو نوکری سے برطرف کردیا ہے، سزائیں پانے والوں میں محمد خان، نذیر احمد، امام الدین، گلاب خان اور مظہر علی سمیت دیگر شامل ہیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی مسعود احمد بنگش نے کہا ہے کہ پولیس افسران و اہلکار اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے کر عوام کے جان و مال کے حفاظت کو یقینی بنائیں غفلت اور عوامی شکایات پر ایسے افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ دڑی پولیس نے دوران چیکنگ سرگرم ملزم عامر مغیری کو ریوالر اور گولیوں سمیت، حیدری پولیس نے دوران گشت عاقل روڈ سے منشیات فروش جمیل جتوئی کو آدھا کلو چرس سمیت، حیدری پولیس نے اغوا کے مقدمے میں روپوش ملزم اسرار خروس کو اور وارث ڈنو ماچھی پولیس نے روپوش ملزم اسماعیل ابڑو کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ میہڑ شہر کے قریب تھیبا لنک روڈ پر دو موٹر سائیکلوں میں آمنے سامنے ٹکر کے نتیجے میں میہڑ شہر کے پٹھان کالونی کا رہائشی محنت کش نوجوان طارق کمانگر اور گاؤں صفیر لاکھیر کے رہائشی نوید لاکھیر شدید زخمی ہوئے، جنہیں لوگوں نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ اس موقع پر زخمی محنت کش طارق کے ورثا نے بتایا کہ طارق بیکری میں ملازمت کرتا ہے جو کام کے سلسلے میں میہڑ شہر جا رہا تھا کہ تھیبا لنک روڈ پر دو موٹر سائیکلوں میں ٹکر کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا ہے۔