ڈگری کالج بدین کے سابق پرنسپل پر گھر پر قبضے کا الزام

54

بدین (نمائندہ جسارت) محنت کش کا اسلامیہ ڈگری کالج بدین کے سابق پرنسپل عبداللہ ملاح کیخلاف احتجاج، گھر پر مبینہ قبضہ کرکے ہراساں کرنے کا الزام۔ بدین شہر کے وارڈ نمبر 4 کے مکین محنت کش احمد ملاح نے بدین پریس کلب پر احتجاج کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ کالج بدین کے سابق پرنسپل عبداللہ ملاح جن کو حکومتی بااثر شخصیات کی سرپرستی حاصل ہے، اس لیے وہ ہمارے پلاٹ پر قبضہ جمانا چاہتا ہے، گزشتہ روز پروفیسر عبداللہ ملاح نے مسلح ملزمان محمد ملاح، احمد ملاح، خمیسو ملاح و دیگر کے ساتھ مل کر میرے پلاٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، میرے منع کرنے پر مجھے جان سے مارنے اور جلد پلاٹ خالی کرنے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر عبداللہ ملاح حکومتی وزیر اسماعیل راہو اور رکن سندھ اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح کے قریبی دوست ہیں اس لیے پولیس مقدمہ درج نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اور میرے خاندان کو پروفیسر عبداللہ ملاح سے جان کا خطرہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پروفیسر عبداللہ ملاح کے ظلم سے نجات، مجھے اور میرے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔