صحابہؓ کی محبت کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں، مفتی نعمان ضیائی

417

عمرکوٹ (نمائندہ جسارت) مختلف سنی مذہبی جماعتوں کی جانب سے عظمت صحابہ کرام رضی اللہ عنہ و محبت اہلبیت عظیم الشان ریلی نکالی گی۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہ و اہلبیت کی محبت ہمارے ایمان کا جز ہے، ان کی محبت کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہے، عالم اسلام کے غیور مسلمان اظہار رائے کے نام پر آقائے دو جہاں حضرت محمدﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے۔ حرمت رسولﷺ کے لیے جان بھی قربان ہے۔ شان صحابہؓ واہلبیت ریلی سے مختلف علمائے کرام کا خطاب۔ عمرکوٹ تھر بازار قاسمیہ مسجد سے شان رسالت مآبﷺ، عظمت صحابہ واہلبیت ریلی کی قیادت مفتی نعمان ضیائی، علامہ نذر محمد درس، مولانا نور محمد عرف بابو بھائی نے کی۔ پریس کلب کے سامنے عظیم الشان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مفتی نعمان ضیائی، علامہ ابراہیم سکندری، محمد فاروق بھٹو و دیگر نے کہا کہ ایک بار پھر سوچی سمجھی سازش کے تحت آقائے دو جہاں رحمت اللعالمینﷺ کی شان مبارکہ میں گستاخی کی جارہی ہے۔ صحابہ کرامؓ و اہلبیت کی شان میں گستاخیاں کی جارہی ہیں، ملک میں طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت فرقہ واریت کو ہوا دی جارہی ہے۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ ایک سچا عاشق رسولﷺ اپنی جان تو حرمت رسولﷺ پر قربان کرسکتا ہے مگر فخر کائنات آقائے دو جہاں حضرت محمدﷺ، صحابہ کرامؓ اور اہلبیت کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کرسکتا ہے۔ علمائے کرام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحابہ کرامؓ اور اہلبیت کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو منظر عام پر لاکر قرار واقعی سزا دی جائے۔