ٹھٹھہ، جاں بحق خاتون کے لیے ایمبولینس نہ مل سکی

136

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) محکمہ صحت کی نااہلی اور بے حسی، جاں بحق ہونے والی خاتون کے لیے ایمبولینس نہ مل سکی، غریب ورثا خاتون کی لاش کو چنگ چی رکشے میں لے جانے لگے، صحافیوں کی مداخلت کے بعد چندہ کرکے ایدھی انتظامیہ نے ایمبولینس فراہم کرکے لاش کو گائوں پہنچایا۔ گھارو کے قریب غفور گوٹھ کے رہائشی صوفن شیخ کی اہلیہ جنت شیخ جوکہ حالیہ بارشوں کے دوران بیمار ہوگئی تھی، سخت بخار کی حالت میں مکلی کے نجی اسپتال علاج کے لیے لائے، جہاں پر وہ چل بسی، بعد میں سول اسپتال مکلی کی ایمبولینس طلب کی گئی تو ایمبولینس انتظامیہ نے ایک ہزار روپے طلب کیے، غریب ہونے کی وجہ سے جاں بحق خاتون کے خاوند پیسے کی ادائگی نہ کرسکا، جس کی وجہ سے تین گھنٹوں تک لاش اسپتال کے سامنے لاوارثوں کی طرح پڑی رہی، بعد میں ورثا چنگ چی رکشے میں لاش کو رکھ کر گائوں کے طرف روانہ ہوئے تو صحافیوں نے مداخلت کرکے اور چندہ کرکے ایدھی ایمبولینس طلب کرکے لاش کو گائوں روانہ کیا۔