حکومت مائوں، بہنوں کی عظمتوں کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوچکی

193

ڈگری (نمائندہ جسارت) حکومت وقت قوم کی مائوں، بہنوں کی عظمتوں کا تحفظ کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، کسی کی عزت محفوظ نہیں، پورے ملک میں منشیات اور فحاشی کے اڈوں کی پشت پناہی کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈگری کے ممتاز مذہبی و سماجی رہنما راؤ حسن عقیل نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے پر خاتون کو ان کے بچوں کے سامنے درندگی کا نشانہ بنایا گیا جو تکلیف دہ عمل ہے، مسلسل زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، جو انتہائی افسوسناک عمل ہے، حکومت پاکستان اور حکومت پنچاب کو اس پر فوراً کارروائی کرکے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادتی کے مرتکب ملزمان کو سرعام پھانسی دی جائے، مگر افسوس یہاں تو حکومت اور اپوزیشن عوام کے ساتھ تماشہ کررہی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن سیاست چمکا رہی ہیں، ان کو مظلوم عوام کی کوئی پرواہ نہیں، حکومت اگر قوم کی مائوں، بہنوں کی عزتوں کا تحفظ نہیں کرسکتی تو گھر چلے جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی شرعی نظام کے تحت چلایا جانا چاہیے، منشیات اور فحاشی کے اڈوں کو بند کیا جائے۔ ایسے عناصر کیخلاف میدان عمل میں اتر کر اعلان جنگ کیا جائے اور ایسے عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن اپنے مفاد کو بالائے طاق رکھ کر عوام کے لیے قانون بنائے تاکہ ملک میں ایسے درندوں کو سخت سزا مل سکے۔ انہوں نے آرمی چیف، وزیر اعظم، چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات اور فحاشی کے اڈوں کو بند کراکر ان کی سرپرستی کرنے والے عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے۔