مسائل کے حل کے لیے سیاسی و مذہبی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا، حزب اللہ جکھرو

152

سکھر (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھر نے کہا ہے شہری مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی، مذہبی قوتوں اور طبقات کی جانب سے متحد ہو کرجدوجہد کرنے کی ضرورت ہے، حکومتوں نے عوام کو مایوس کیا ہے، سکھر کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع سکھر کی میزبانی میں سکھر پریس کلب میں مقامی، ضلعی، سیاسی ترقیاتی مسائل سمیت دیگر ایشوز کے حوالے سے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں جماعت اسلامی سکھر کے امیر زبیر حفیظ شیخ، جے یو آئی صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد خالد محمود سومرو، پی ایف یو جے کے نائب صدر لالا اسد پٹھان، جے یو پی کے صوبائی رہنما مشرف محمود قادری، مفتی سعود افضل ہالیجوی رہنما جمعیت علمائے اسلام، صوبائی رہنماء سنی تحریک حفظ محبوب علی سہتو، رہنما فقہ جعفریہ انظر حسین، صوبائی رہنما جمعیت علمائے اہلحدیث پاکستان عبدالرحمن ثاقب، مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر خورشید میرانی، تحریک انصاف کے ڈاکٹر ربنواز، پی پی سٹی سکھرکے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ارشد مغل، ممتاز مذہبی رہنماء خطیب مرکزی جامع مسجد سکھر قاری جمیل احمد بندھانی، چیمبر آف کامرس کے نمائندے غلام رسول چاچڑ، رہنما اقلیتی ونگ جمعیت علماء اسلام ضلع سکھر وکرم آزاد، رہنما وکلاء فورم جے یو آئی ضلع سکھر سکندر جونیجو سمیت مختلف سیاسی، سماجی رہنماؤں نے شرکت و خطاب کیا اور شہری مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اظہار کیا۔ امیر ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھرو نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کی وحدت پر ہم سب کا اتفاق ہے۔ صوبہ سندھ پاکستان کا اہم صوبہ ہے، قرارداد پاکستان سب سے پہلے یہاں پیش ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھی قوم مہمان نوازی میں مشہور ہے۔ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سکھر سے حیدر آباد موٹر وے عوام کے بہترین مفاد میں ہے، اسے فوری طور پر بحال اور تین سال میں مکمل کیا جائے۔ برسات کے سبب صوبہ سندھ تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، کراچی کو مشکل ترین حالات میں بے یارو مددگار چھوڑا گیا ہے۔ کراچی سے کشمور تک عصبیت، لسانیات کے بتوں کو توڑ کر عوام کی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قادیانیت کا پرچار ہورہا ہے، ہم سب کو مل کر قادیانیت کیخلاف تحریک چلانا ہوگی۔