الخدمت ہزاروں سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کرچکی، اظہر جمیل آرائیں

225

جھڈو (نمائندہ جسارت) تحصیل جھڈو کے ہزاروں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی پیکج اور ریلیف سرگرمیاں نہ ہونے کے باوجود محدود وسائل رکھنے والی فلاحی تنظیموں کی جانب سے پہلے روز سے ہی متاثرین کے لیے بھر پور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ تین ہفتے گزرنے کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے تحصیل جھڈو کے ہزاروں سیلاب متاثرین کے لیے کسی بھی قسم کی امدادی سرگرمیاں نظر نہیں آرہی ہیں، اس کے برعکس فلاحی تنظیمیں الخدمت فاؤنڈیشن جھڈو اور یوتھ آف جھڈو پہلے روز سے ہی تحصیل جھڈو کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں یوسی روشن آباد، گوٹھ سائیں داد علیانی، یوسی بانکھر، یوسی فقیر شیر محمد بلالانی، یوسی میر خدا بخش ٹوٹ یڈی موری، دیہہ 263,264,، دیہہ 309,310، دیہہ 373,374 سمیت دیگر علاقوں کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن جھڈو کے صدر اظہر جمیل آ رائیں کی قیادت میں تاحال ہزاروں سیلاب متاثرین کے لیے خیمے، تیار کھانا، خشک راشن، پینے کا صاف پانی، واٹر کولر، مچھر دانیوں سمیت دیگر ضروریات فراہم کرچکی ہے اور الخدمت کے درجنوں رضاکار متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے امدادی کاموں میں مسلسل سرگرم عمل ہیں۔ دوسری جانب یوتھ آف جھڈو کی ٹیم جواد احمد کی سربراہی میں پہلے دن سے روزانہ کی بنیاد پر سیلاب سے متاثرہ سیکڑوں خاندانوں میں تیار کھانا، پینے کا صاف پانی، ادویات اور خیمے بلا امتیاز رنگ و نسل اور مذہب کے تقسیم کر رہی ہے جبکہ ایف آر ڈی پی نامی فلاحی تنظیم بھی متاثرہ افراد کو تیار کھانا اور پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ عوامی تحریک جھڈو نے سیلاب متاثرین کے لیے یوسی روشن آ باد و دیگر متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ وفاق اور سندھ میں برسرِ اقتدار سیاسی جماعتوں کے رہنماء سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دوروں کے دوران سیلاب متاثرین کے ساتھ صرف فوٹو سیشن میں مصروف ہیں۔ فلاحی تنظیموں کی جانب سے مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کی بلا امتیاز رنگ و نسل امدادی سرگرمیوں نے لا محدود وسائل اور فنڈز رکھنے والی اور ہر مشکل وقت میں غریب عوام سے ہمدردی کا دم بھرنے والی حکومتی پارٹیوں، وزراء اور سیاسی رہنماؤں کے متاثرین سے جاری بے حسی کے رویے کا پردہ فاش کرکے غریب عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندوں کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان چھوڑ دیا ہے۔