جیکب آباد، ناقص صفائی پر بیکری اور بیف شاپ سیل، 3 ملزمان گرفتار

145

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں ناقص اشیاء کی فروخت پر سندھ فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی کارروائی، مضر صحت گوشت فروخت اور بیکرز میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر بیکری اور بیف شاپ سیل، 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ہوٹلوں پر کارروائی نہیں کی گئی۔ جیکب آباد شہر میں غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر سندھ فوڈ اتھارٹی لاڑکانہ کی ٹیم اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر ناصر عباسی، مختارکار غلام عباس نے پولیس کے ہمراہ مختلف علاقوں میں چوائس بیکری، کنگ بیکری، بیف شاپ، کریانہ مرچنٹ پر چھاپے مارے گئے۔ چھاپوں کے دوران مضر صحت گوشت فروخت کرنے پر لیاقت رند سمیت تین گوشت کی دکانوں اور کریانہ کے کیلاش کمار کو مصالحوں اور دیگر اشیاء کی ملاوٹ پر گرفتار کرکے جرمانہ عائد کیا جبکہ چوائس اور کنگ بیکری پر صفائی نہ ہونے اور تین دن کی پرانی مرغی رکھنے پر 30,30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ کریانہ کے کیلاش کمار پر بھی دس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ جرمانے کی ادائیگی پر قصاب اور دکاندار کو رہا کردیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ہوٹلوں پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔