ملک میں جنگل کا قانون اور بھیڑیوں کا راج ہے،عمرفاروق

210

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمر فاروق گجر، جنرل سیکرٹری راشد محمود، نائب صدر محمد فاروق، سلیم انصاری، فیصل خلیجی، احسان الٰہی ظہیر اور دیگر رہنمائوں نے موٹر وے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صنف نازک کے ساتھ درندگی کا یہ افسوسناک مظاہرہ انسانیت کے نام پر سیاہ دھبہ ہے امن وامان کا قیام،چادر و عصمت کا تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی حکومت کی ذمے داری ہے جس میں کوتاہی اور لاپرواہی کے نتائج اس طرح کے بھیانک حادثات کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔عمرگجر نے کہا کہ اب تو بڑی شاہراہوں پر بھی خواتین کی عزت محفوظ نہیں ہے ۔ امن و امان اور سلامتی و تحفظ کے ذمہ دار ادارے کہاں ہیں؟ملک میں جنگل کا قانون اور بھیڑیوں کا راج ہے۔انہوںنے کہاکہ بچوں اور بچیوں کو زیادتی کے بعدقتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اگر جنسی درندوں کو بروقت نشان عبرت بنایا جاتا تو زیادتی کے واقعات کو بڑھنے سے روکا جاسکتا تھا۔جے آئی یوتھ کے رہنمائوں نے واقعہ پر دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے واقعے کے مجرموں کو جلد کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو خواتین کے تحفظات اور انصاف کے لیے بھر پور آواز بلند کریںگے۔درندہ صفت مجرموں کو پھانسی کی سزا دی جائے ۔ خواتین اور بچے بچیوں کے ساتھ درندگی کے مرتکب کسی معافی کے حقدار نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ اور پاکیزہ معاشرے کا قیام حکمرانوں کی ذمے داری اور ہماری ضرورت ہے۔ خواتین کی عفت و عصمت کے تحفظ کو لا حق خطرات اور اس سر عام درندگی کیخلاف جماعت اسلامی یوتھ ملک بھر میں ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔