کمزور پشتوں کی مرمت اور خصوصی نگرانی کی جائے، ملک اسد سکندر

340

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے ضلع جامشورو کے لیے فلڈ رین ایمرجنسی کے فوکل پرسن اور رکن سنداسمبلی ملک اسد سکندر کی زیر صدارت دریائے سندھ میں پانی کی سطح کے اضافے،پشتوںپر پانی کے دباؤ،بندوں کی مرمت اور نگرانی کا جائزہ لینے کے لیے دربار ہال جامشورو میں محکمہ آبپاشی ،آربی او ڈی،پبلک ہیلتھ بلڈنگ،ہائی وے اور محکمہ
ریونیو ذمے داران کا اجلاس ہوا۔ رکن اسمبلی ملک اسد سکندر آر بی او ڈی اور محکمہ آبپاشی کے افسران کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کوٹری،انڑ پور، آمری، سیہون میں حفاظتی بندکی خصوصی نگرانی کرکے کمزور بندوں پر خاص توجہ دی جائے تاکہ دریا میں پانی کے اضافے کے سبب بچاؤ بندکو کوئی نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو بچاؤ بند کی صورتحا ل کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی۔ فوکل پرسن ملک اسد سکندر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے بندوں کی حفاظت اور کچے کے متاثرین افراد کو امداد کے لیے خاص ہدایات جاری کیں ہیں۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ،محکمہ آبپائشی اور صحت سمیت متعلقہ اداروں کو اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے سرانجام دینا چاہیے اور کسی بھی قسم کی نااہلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔