سندھ میں 25لاکھ افراد بے گھر ہوئے، وفاق زرعی ایمرجنسی نافذ کرے، بلاول

464

میرپورخاص،اسلام آباد(نمائندگان جسارت)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں بارشوں سے 25 لاکھ افراد بے گھر ہوئے۔وفاق زرعی ایمرجنسی نافذ کرے۔انہوں نے وفاقی حکومت سے سیلاب متاثرین کو وطن کارڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ راشن بانٹنے سے سیلاب متاثرین کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ عوام کو لاوارث نہیں چھوڑنے دیں گے۔ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری نبھائے، ایمرجنسی ڈکلیئر کر کے چھوٹے کسانوں کی مدد کرے،پیپلزپارٹی وفاقی جماعت ہے، ہم مشکل وقت میں یہاں آئے ہیں،میر پور خاص کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ہے، عوام کو بارش کے بعد مشکلات کا سامنا ہے، پیپلز پارٹی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز محنت کررہے ہیں،جیالے جانتے ہیں حق کیلیے احتجاج کیسے ہوتا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا کہ بارشوں و سیلاب سے نقصانات پر اسلام آباد کے حکمرانوں کی توجہ دلائی، راشن بانٹنے سے متاثرین کے مسائل حل نہیں ہوں گے، موجودہ حکومت سیلاب متاثرین کو وطن کارڈ فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ اس سال سندھ حکومت کو 200ارب روپے کم دیے گئے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو این ایف سی کے شیئرنہیں دیے، بارشوں، سیلاب اور ٹڈی دل سے ملک کے کسان پریشان ہیں، ایمرجنسی ڈکلیئر کرکے چھوٹے کسانوں کی بھی مدد کرنی چاہیے، ملک کے غریب کسان بڑا نقصان برداشت نہیں کرسکتے،عوام کیمسائل کے حل کیلیے سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی۔بلاول نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ہر کسان کو معاوضہ دینا چاہیے۔ سندھ حکومت کی کوشش ہے کسانوں کے لیے اسکیم لے کر آئے، اگلی بار یہاں آئیں گے تو سیاسی سرگرمیاں رکھیں گے۔علاوہ ازیںپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے خیرپور ناتھن شاہ سے تعلق رکھنے والے ایم آر ڈی کے شہدا کی برسی پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ پاکستان میں جمہوریت مفت میں نہیں ملی، پیپلز پارٹی نے اس کی خاطر جانوں کی قربانیاں دیں۔اپنے بیان میں بلاول زرداری نے کہاکہ خیرپور ناتھن شاہ کے 12 شہید کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،تاریخ ان شہیدوں کی عظیم قربانی کا ذکر سنہری حروف میں لکھے گی۔