عمران خان ہرجانہ کیس، عدالت روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے، شہباز شریف

285

لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس میں استدعا کی ہے کہ عدالت روزانہ کی بنیاد پر مقدمے کی سماعت کرے۔انہوں نے کہا کہ فرانزک لیبارٹری میاں نوازشریف کی قیادت میں ہمارے دور میں بنائی گئی۔ قومیں نعروں اور جھوٹے الزامات لگانے سے نہیں بنتیں۔ ٹویٹر پر شہباز شریف نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان کے جھوٹ کے خلاف میری جانب سے دائر 10 ارب روپے ہرجانے کے مقدمے میں 33 بار التوا لیا جا چکا ہے۔ میں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ روزانہ بنیادوں پر اس مقدمے کی سماعت کی جائے۔ 3 سال گزر گئے لیکن عمران خان نے مقدمے میں تحریری جواب نہیں دیا۔دوسری جانب لاہور کی سیشن عدالت نے وزیر اعظم عمران خان کے وکلا کو پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے دائرہرجانے کے کیس میںدلائل مکمل کروانے کے لئے آخری موقع دے دیا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ عمران خان کے وکلاء کو دلائل دینے کے لیے آخری موقع دیا جارہا ہے، وہ3 اکتوبر کو پیش ہو کر اپنے دلائل دیں۔