اے پی سی کامیاب ہوگی، تمام جماعتیں شرکت کرینگی، رانا تنویر

378

کالا شاہ کاکو (آن لائن) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اے پی سی کامیاب ہوگی اور تمام چھوٹی بڑی اپوزیشن جماعتیں اس میں حصہ لیں گی اور ایسی تحریک چلے گی کہ حکومت کو گھر جانا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی پریس کلب مریدکے کے صدر اے حمید جہلمی، جنرل سیکرٹری رانا جعفر اور چیئرمین قمر منیر سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رہبر کمیٹی نے ایجنڈا تیار کرلیا ہے، تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پلٹ فارم پر اکٹھی ہو رہی ہیں کیونکہ موجودہ حکومت ملک کیلیے بہت بڑا رسک بن چکی ہے۔ ایک سوال کہ ’اے پی سی کا ایجنڈا کیا نواز شریف نے دیا ہے؟ اور کیا میاں نواز شریف زرداری، بلاول یا مولانا فضل الرحمٰن سے رابطے میں ہیں؟‘ کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اے پی سی کا ایجنڈ ا نواز شریف نے نہیں دیا اس سلسلے میں وہ پارٹی سے رابطے میں ہیں البتہ سنا ہے مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی بات ہوئی ہے جس کی تصدیق نہیں کرسکتا۔