پنجاب احساس پروگرام: سوا 53ارب کے 2 نئے منصوبوں کا آغاز

317

لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے زیر اہتمام پنجاب احساس پروگرام کے تحت صوبے میں سوا 53 ارب روپے کے ’’نئی زندگی‘‘ اور ’’ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پروجیکٹ‘‘ کا آغاز کردیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں منعقد افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب احساس پروگرام کے تحت ’’نئی زندگی‘‘ اور ’’پنجاب ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پروجیکٹ‘‘ کا اجرا بے حد اہمیت کا حامل ہے اور پنجاب احساس پروگرام ریاست مدینہ کے خواب کی عملی تعبیر کیلیے پہلا قدم ہے۔ احساس ہی انسانیت ہے اور انسانیت ہمیں ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست کے قیام کی ضرورت کا احساس دلاتی ہے۔ ہم نے فلاحی ریاست کے تصور کو عملی شکل دینے کیلیے پنجاب احساس پروگرام کا اجراء کیا ہے۔ ماضی میں جائز حقوق سے محروم طبقات کے احساسات کو مجروح اور ضروریات کو نظرانداز کیا جاتا رہا، محروم طبقات کے مساوی حقوق اور ضروریات کی ادائیگی اور معاشرے میں ان کی سربلندی کا وقت آگیا ہے۔ ابتدائی طورپر نئی زندگی پروگرام کیلیے 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، ’’نئی زندگی‘‘ پروگرام کے تحت تیزاب گردی کاشکار مرد و خواتین کا مکمل علاج اور بحالی شامل ہے۔ تیزاب گردی کے شکار افراد کے سماجی حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور انہیں باوقار زندگی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔جناح اور میو اسپتال لاہور، وکٹوریہ اسپتال بہاولپور، نشتر اسپتال ملتان، الائیڈ اسپتال اور راولپنڈی ہولی فیملی اسپتال فیصل آباد میں جدید ترین برن یونٹ قائم ہوچکے ہیں۔ متاثرہ افراد کے لیے ہنر مندی اور خود روزگار کیلیے بلاسود قرضوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ تیزاب گردی کا شکارہونے والے افراد مکمل طور پر ریاست کی ذمے داری ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ منصوبہ اپنی نوعیت کا بہترین اور منفرد منصوبہ ہے۔ پنجاب کے 11 پسماندہ اضلاع میں عوام کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولتیں اور معاشی ترقی کے مواقع دیں گے۔ پہلے مرحلے میں مظفرگڑھ اور بہاولپور ، دوسرے مرحلے میں راجن پور، ڈی جی خان، رحیم یار خان، بھکر اور میانوالی میں منصوبہ شروع ہوگا۔ تیسرے مرحلے میں بہاولنگر، لودھراں، لیہ اور خوشاب میں منصوبے کا آغاز کیا جائے گا۔