یمن میں میزائلوں اور ڈرون طیاروںکے مراکز تباہ

209

 

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے مشرقی مضافاتی علاقے سعوان میں ملٹری انجینئرنگ کمپلیکس پر شدید حملے کیے ہیں۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق اتحادی طیاروں نے حوثیوں کے زیر انتظام بیلسٹک میزائل جوڑنے اور ڈرون طیاروںکے پرزے مرتب کرنے کے مراکز کو براہ راست نشانہ بنایا۔ دوسری جانب یمن میں مختلف محاذوں پر فوج اور باغیوں کے درمیان شدید لڑائی کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس میں تقریباً 150 حوثی جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل یمنی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اس نے الجوف صوبے کے صدر مقام الحزم شہر کے مشرق میں النضود کے محاذ پر حوثیوں کے کمانڈ اینڈ وائرلیس کمیونی کیشن سینٹر پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ یمنی فوج کی ویب سائٹ کے مطابق الجوف صوبے میں النضود کے محاذ پر حوثی ملیشیا کی باقیات کا تعاقب جاری ہے۔ اس جگہ کو حوثیوں کے ان عناصر سے پاک کیا جا رہا ہے، جو فرار ہونے میں کامیاب نہیں ہوسکیہیں۔ کارروائی میں حوثی ملیشیا کے درجنوں ارکان ہلاک اور زخمی ہوئے، اور ملیشیا کی کئی بکتر بند گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ یمنی فوج نے گزشتہ اتوار کو ایک وسیع آپریشن شروع کیا تھا۔ اس کے دوران فوج الصبائغ اور حویشان نامی علاقوں کو مکمل کلیئر کرنے میں کامیاب رہی۔