عراقی فوج کی کارروائی ، داعش کے 4 اہم کمانڈر ہلاک

433

 

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراقی فوج نے ضلع سامرا میں داعش کے 4 اہم کمانڈروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق عراقی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ مشترکہ فورس گھات لگا کر حملے میں داعش کے 4 اہم کمانڈروں کو ہلاک کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ ضلع سامرا کے علاقے الفرحاتیہ میں مارے جانے والے ان افراد میں سے 2 نے باردی بیلٹ باندھی ہوئی تھی۔ اس سے قبل جمعرات کے روز عراقی فوج نے صلاح الدین صوبے کے شہر الشرقاط میں ایک خفیہ آپریشن کے دوران داعش تنظیم کا ایک کمانڈر گرفتار کر لیا تھا۔ عراقی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مسلح افواج کے سربراہ کے ترجمان نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کے ادارے نے جمعرات کو علی الصبح الشرقاط میں ایک خفیہ آپریشن کیا۔ آپریشن کے نتیجے میں داعش کی ٹولیوں کے ایک کمانڈر کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ ادھر میسان صوبے میں السلام اور العدل کے علاقوں میں عراقی ریپڈ فورس نے سرچ آپریشن کے دوران ہتھیار اور بارودی مواد برآمد کر لیا۔ دوسری جانب مشترکہ آپریشنز کی کمان نے دریائے دیالیٰ کے اطراف علاقوں کو کلیئر کرانے کے لیے ایک سیکورٹی آپریشن کے آغاز کا اعلان کیا۔