کانگو میں سونے کی کان بیٹھ گئی‘50 مزدور ہلاک

330
کانگو: سونے کی کان تلے دب جانے والے مزدوروں کے اہل خانہ جائے حادثہ پر جمع ہیں

کنشاسا (انٹرنیشنل ڈیسک) افریقی ملک کانگو میں سونے کی کان بیٹھنے سے وہاں کام کرنے والے 50 مزدور ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایک مقامی این جی او نے تصدیق کی ہے کہ کانگو کے جنوبی صوبے کیوو میں کامیٹوگا کے مقام پر موسلا دھار بارش کے باعث سونے کی کان بیٹھ گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب جس وقت سونے کی کان بیٹھنے کا حادثہ پیش آیا، تب زیادہ تر مزدور شافٹ میں تھے جو فوری طور پر باہر نکلنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ تنظیم کے مطابق حادثے میں کم از کم 50 مزدوروں ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سونے کی کان بیٹھنے کے نتیجے میں مرنے والے افراد کی لاشوں کو باہر نکالنے کا کام جاری ہے۔ اس دوران ملبے تلے دبے زخمیوں کو بھی نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ شدید بارش کے نتیجے میں آنے والا سیلاب حادثے کی وجہ بنا ہے، جس کی وجہ سے کم از کم 50 افراد ہلاک ہوئے۔ مقامی انتظامیہ نے 2 روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کانگو میں اس سے قبل بھی اچانک کانیں بیٹھنے کے حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔