امریکا کے حریف چین اور روس کا تعاون بڑھانے پر اتفاق

145

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) چین اور روس نے مواصلات کے جدید ذرائع اور سائبر سیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔ روس کے دورے پر موجود چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے یہ بات روسی ہم منصب سرگئی لا روف سے ملاقات کے بعد کہی۔ وانگ یی کا کہناتھا کہ کورونا وائرس اور بدلتے ہوئے بین الاقوامی حالات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پہلے کی طرح قائم ہیں اور چینی صدر شی جن پنگ اور ان کے ہم منصب کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان کوئی دراڑیں نہیں ڈال سکتا۔ چینی وزیر نے سرگئی لاروف کے ساتھ بات چیت کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ چین نے دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کی ۔