اعجاز فاروقی کرکٹ، پاکستان کلب نے ٹرافی اپنے نام کرلی

406

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت اور رائزنگ اسٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام منعقدہ آل کراچی پروفیسر اعجاز احمدفاروقی انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ، پاکستان کرکٹ کلب نے جیت لیا۔فائنل میں بلال فرینڈز کو 198رنز سے شکست کا سامنا۔ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستان کرکٹ کلب کومبارکباد دی اور بلال فرینڈز کرکٹ کلب کو فائنل تک رسائی حاصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔مہمان خصوصی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے اس پُروقار تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ اس وقت کلب کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں اور کرکٹ آرگنائزرز احساس محرومی کا شکار ہیںاسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلان کررہا ہوں کہ جلد پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے کراچی میں 100ٹیموں کا ایک آل کراچی انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کریں گے۔کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ کلب کرکٹ ہی بنیادی کرکٹ ہے اس کا زیادہ سے زیادہ فروغ ہونا چاہیے۔مہمان خصوصی نے اپنی تقریر کے اختتام پر توصیف صدیقی، جمیل احمدسمیت پوری آرگنائزنگ کمیٹی کو ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد توصدیف صدیقی، چیئرمین ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی نے کہا کہ سب سے پہلے میں پروفیسر اعجاز فاروقی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی وجہ سے آج ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا۔اگر وہ اس ٹورنامنٹ کے جملہ اخراجات برداشت نہ کرتے تو ٹورنامنٹ کا انعقاد نا ممکن تھا۔ اس لئے کہ ٹورنامنٹ کی کوئی انٹری فیس نہیں تھی اور ٹورنامنٹ کو گیندیں بھی فری فراہم کی گئیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا بھی شکر گزار ہوں۔جنہوں نے ہمیں ٹورنامنٹ کے انعقاد کی اجازت دی۔قبل ازیں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان کرکٹ کلب نے بلال فرینڈزکو 198رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔پاکستان کرکٹ کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45اوورز میں 8وکٹوں پر عماد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت303رنز اسکور کیے۔عماد عالم نے105رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جوابی اننگز مین بلال فرینڈز کی پوری ٹیم 25.2اوورز میں 105رنز پر پویلین لوٹ گئی۔محمد علی بٹ نے 26اور افروز حسن نے 24رنز اسکور کئے۔محمد اصغر نے 40رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عماد عالم نے 12رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کپتان عدنان کلیم نے 7رنز دے کر 3وکٹ اپنے نام کیں۔ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین داؤد اسپورٹس کے نوید خان کو پانچ ہزار روپے کا کیش پرائزملا۔ بہترین بولر بلال فرینڈز کے بلال جاوید اور پاکستان کرکٹ کلب کے محمد اصغر کو مشترکہ طور پر دیا گیا انہیں ڈھائی ڈھائی ہزار روپے نقد ، عالمگیر جیم خانہ کے عاشر احمد کوبہترین وکٹ کیپر قرار دیتے ہوئے پانچ ہزار نقد، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بلال فرینڈز کے افروز حسن کو پانچ ہزارروپے نقدجبکہ مین آف دی فائنل عماد عالم کو 10ہزار روپے کا کیش پرائز دیا گیا۔