محمد یوسف کاسابق کوچ باب وولمر کی طرح کام کرنے کا عزم

399

لاہور(جسارت نیوز)نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ اور سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مثبت کام کرنے کی وجہ سے ذمہ داریاں سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے، مصباح الحق کے حوالے سے باتیں اب ماضی کا حصہ ہیں، دونوں نے الگ الگ جگہ رہ کر پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔پی سی بی ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری سنبھالنے والے محمد یوسف نے سابق کوچ باب وولمر کی طرح کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اپنے انٹرویوز میں کہا کہ پی سی بی میں اب اچھے کام ہو رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کچھ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جب میری ان سے ملاقات ہوئی تو پھر میں نے بھی ذمہ داریاں لینے کا فیصلہ کیا۔ میں نے ہمیشہ اپنی دستیابی کے لیے آگاہ کیا ہوا تھا کہ جب بھی پاکستان کرکٹ کو میری ضرورت ہو میں حاضر ہوں۔ کرکٹ بورڈ میں تقرریاں اچھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے کہ بورڈ نے نامور کرکٹرز کو اس لیے اکٹھا کیا ہے کہ تنقید سے بچ سکیں۔ میں تو سمجھتا ہوں کہ ہر ادارہ کوالیفکیشن دیکھ کر تقرریاں کرتا ہے۔