آرٹس کونسل میں ثقافتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز

113

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ثقافتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے عوامی تھیٹر فیسٹیول کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ پہلا ’’عوامی تھیٹر فیسٹیول‘‘ 18 ستمبر 2020ء کو رات 8بجے پیش کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’عوامی تھیٹر فیسٹیول‘‘ کے ڈراموں میں دکھایا جائے گا کہ پاکستان کو کیسا ہونا چاہیے، تمام زبان کے بولنے والوں کو اکٹھا کرنے کوشش کی ہے،پچھلی مرتبہ بھی تمام فیملی ڈرامے تھے جس کو خوب پذیرائی ملی، اس مرتبہ ’’عوامی تھیٹرفیسٹیول‘‘ منفرد انداز کا ہوگا، اس مرتبہ فنکاروں کے لیے دوگنا پیکیج رکھا گیا ہے۔احمد شاہ نے مزید کہا کہ 6ماہ سے جو صورتحال رہی اس سے سب واقف ہی ہیں، لوگ ڈپریشن کا شکار رہے، لاک ڈاؤن کے دوران آرٹس کونسل کراچی نے راشن اور نقد رقم کے ذریعے بہت سے ضرورت مند لوگوں کی امداد کی۔ مگر اب ہم چاہتے ہیں کہ لوگ آرٹس کونسل کراچی سے اپنے چہروں پر خوشی لے کر جائیں۔ سیکرٹری آرٹس کونسل اعجاز احمد فاروقی نے کہاکہ آرٹس کونسل آرٹسٹوں کے دم سے ہے۔ ’’عوامی تھیٹر فیسٹیول‘‘18ستمبرکو شروع ہوگا اور 4 اکتوبر 2020ء تک جاری رہے گا جس میں ممبران کا داخلہ فری ہوگا۔