بلوچ کالونی میں جاں بحق اریبہ کا قتل کیس معما بن گیا

142

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلوچ کالونی میں جاں بحق ہونے والی خاتون اریبہ کا قتل کیس معمہ بن کر رہ گیا۔ خاتون کے ورثا کا کہنا ہے کہ ہمیں ایسا لگتا ہے کہ انصاف نہیںملے گا کیونکہ تفتیش میں واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ خاتون کے جسم پر بے تحاشا تشدد بھی کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے میں پراسرا ر طور پر جاں بحق ہونے والی اریبہ زوجہ شمشاد کے قتل کے الزام میں پولیس نے موقع سے اس کے شوہر اور اس کے دوست کو گرفتار کیا تھا ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کے شوہر شمشاد کے دوست سعد نے شمشاد کی ایما پر اریبہ کا قتل کیا تھا اور اسے خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی تاہم بعد ازاں پولیس کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ واقعہ خودکشی ہے،اور قتل کے شواہد نہیں مل رہے ہیں۔