آسٹریلیانے پہلے ون ڈے میں انگلینڈ کو 18رنز سے ہرا دیا

210

 

مانچسٹر(جسارت نیوز)آسٹریلیانے پہلے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ 18رنزسے زیرکرلیااور3 میچوں کی سیریز میں برتری کے ساتھ آئی سی سی ورلڈکپ لیگ کے اہم 10پوائنٹس بھی حاصل کرلیے۔ایرون فنچ الیون نے 9وکٹیں گنوا کر 294 رنز بنائے اوراوون مورگن الیون کومقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر275رنزتک محدود رکھا۔اولڈٹریفرڈ مانچسٹرمیں آسٹریلیا نے پہلے ایک روزہ میچ کاٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے اسٹیواسمتھ کوآرام دے کرمارنوس لبوشان کوموقع دیا۔انگلش ٹیم میں جیسن روئے، جوروٹ اورکرس ووکس کی واپسی ہوئی۔آسٹریلیا نے 9وکٹوں کے نقصان پر294 رنز اسکورکیے۔گلن میکس ویل 77، مچل مارش 73،مارکس اسٹونیز 43 اورلبوشان 21رنزآسٹریلیا کے نمایاں اسکورر ثابت ہوئے۔ انگلینڈ کے جوفراآرچر اور مارک ووڈ نے 3،3 اورعادل رشید نے 2کھلاڑی آؤٹ کیا۔ عادل رشید22 میچوں میں4.وکٹیں لیکر آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچز میں انگلینڈ کے کامیاب ترین بولر بن گئے۔انگلینڈ بھرپور مقابلہ کرنے کے باوجود مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر275رنز اسکور کر سکا۔سام بلنگز نے 19ویں ایک روزہ میچ میں کیریئرکی پہلی سنچری بنائی اور118رنزبناکر آخری گیند پرکیچ آؤٹ ہوئے۔ جونی بیرسٹونے 84رنزاورکپتان اوون مورگن نے 23رنزبنائے۔آسٹریلیا کے ایڈم زمپانے 4،ہیزل ووڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پیٹ کمنزاورمچل مارش نے ایک، ایک وکٹ لی۔ آسٹریلیا نے 18 رنزسے فتح حاصل کی اور3 میچوں کی سیریزمیں برتری کے ساتھ آئی سی سی ورلڈکپ لیگ میں پہلے 10پوائنٹس حاصل کرلیے۔