کارکردگی بحال کرنے کیلیے وقت درکار ہے ، عمر گل

377

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی فاسٹ بولر عمر گل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 5 ماہ بعد میدان میں اترتے ہوئے ردہم میں آنے کے لیے وقت درکار ہو گا، کسی کا کرکٹ چھوڑنے کو دل نہیں کرتا، آئندہ سیزن سے قبل کارکردگی کا جائزہ لوں گا۔بطور کوچ کیریئر اپنانے کے سوال پر عمر گل نے کہا کہ میں نے ساری عمر کرکٹ کھیلی، یہی میرا پروفیشن اور اسی کے ساتھ وابستہ رہنا بہتر ہے،میں جدید کرکٹ کے تقاضوں سے واقف ہوں، مصباح الحق، محمد یوسف اور دیگر کرکٹرز کے ساتھ لیول2 کورس مکمل کیا تھا، تھری بھی کروں گا،کورسز کی مدد سے کوچنگ کی باریکیاں سمجھنے کا موقع ملا،کھلاڑیوں کی بہتر انداز میں رہنمائی کر سکتا ہوں۔ فاسٹ بولر عمر گل نے کہاکہ دورہ انگلینڈ میں پاکستان کو تیاری اور کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے اچھا وقت بھی ملا لیکن نتائج توقع کے مطابق نہیں رہے،ہم ٹیسٹ سیریز جیت نہیں تو کم ازکم برابر کر سکتے تھے، مڈل آرڈر نے توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کیا، ۔انہوں نے کہا کہ محمد عباس نے نئی گیند سے اچھے اسپیل کیے، کئی مواقع پر قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا، بہرحال پیسر پہلے 130 سے زیادہ کی رفتار سے بولنگ کرتے تھے اب اس میں کمی آ چکی، آج کل پچز بدل چکی ہیں، پیس کی بھی ضرورت پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تجربہ حاصل کرنے کے لیے شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو وقت دینا ہوگا، نسیم شاہ کو بھی خود کو لمبے اسپیل کرانے کے لیے تیار کرنا چاہیے، فاسٹ بولر کا ایک دن میں 15 سے 20 اوورز کرانا ضروری ہے۔