موٹر وے زیادتی کیس کی عدالتی تحقیقات کیلیے درخواست دائر

458

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور سیالکوٹ موٹروے اجتماعی زیادتی کیس کی جوڈیشل انکوائری کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں2 درخواستیں دائر کردی گئی ہیں۔ 2 شہریوں کی دائر کی گئی درخواستوں میں استدعا کی گئی کہ صوبے بھر میں اس قسم کے واقعات میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے جبکہ سی سی پی او لاہور نے اس جرم پر قابل شرم بیان دیا ہے، لہٰذا اس معاملے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے ایک جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے جو اس معاملے کی انکوائری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب آئی جی پولیس پنجاب اور موٹر وے اتھارٹی کو فریق بنائے۔ عدالت عالیہ نے دائر درخواستوں پر سماعت 14 ستمبر کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔