ایل ڈی اے سٹی کیس میں احد چیمہ بری،تفتیش بند کرنے کی درخواست بھی منظور

303

لاہور (نمائندہ جسارت) ایل ڈی اے سٹی کیس میں احتساب عدالت نے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر احد چیمہ سمیت 10ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق نیب حکام نے احد چیمہ کے خلاف تحقیقات بند کرکے رپورٹ عدالت میں جمع دی تھی جہاں احتساب عدالت کے ایڈمن جج نے نیب کی درخواست کومنظورکرلیا ۔ نیب نے اپنی رپورٹ میں استدعا کی تھی کہ ملزمان کی جانب سے متاثرین کو باقاعدہ پلاٹس فراہم کردیے گئے ہیں‘ عدالت قانون کے مطابق درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی ختم کرنے کاحکم دے۔ جس کو منظور کرتے ہوئے احتساب عدالت نے احد چیمہ سمیت10 ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا گیا ۔ واضح رہے کہ نیب کی طرف سے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کے خلاف ایل ڈی اے سٹی کیس میں انویسٹی گیشن بند کرنے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کرلیا گیا تھا ۔ احد چیمہ کو 21 فروری 2018ء کو غیر قانونی طور پر پلاٹ الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر نیب لاہور نے گرفتار کیا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ نے احد چیمہ کی ایل ڈی اے سٹی کیس میں ضمانت منظور کی تھی لیکن وہ آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔