لاہور موٹروے واقعہ: ابھی کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا، آئی جی پنجاب

500

لاہور: آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ لاہور موٹروے زیادتی کیس میں ابھی کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا.

لاہور گجر پورہ موٹوے پر خاتون زیادتی کے واقعہ پر آئی جی پنجاب انعام غنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خاتون زیادتی کیس میں ابھی کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا لیکن ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کردیں گے.

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری سے متعلق مختلف ٹی وی چینلز،سوشل میڈیا کی خبریں غلط ہیں، ایسی غیر تصدیق شدہ خبریں کیس پراثرانداز ہوتی ہیں ،عوام کیلیے بھی گمراہ کن ہیں.

خیال رہے کہ تین روز قبل لاہور میں گجر پورہ موٹر وے پر پیٹرول ختم ہونے پر خاتون کی گاڑی بند ہو گئی تھی کہ اس دوران دو مسلح افراد کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو موٹر وے سے نیچے لے گئے اور خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ملزمان نے خاتون سے لوٹ مار بھی کی جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو فون بھی کیا لیکن موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔