لاہور موٹروے واقعہ: متاثرہ خاتون کا بیان ریکارڈ کرانے سے انکار

649

لاہور موٹروے پر زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کے اہل خانہ نے فی الحال پولیس کو بیان ریکارڈ کرانے سے معذرت کرلی.

تفصیلات کے مطابق لاہور موٹروے پرخاتون زیادتی کیس میں پولیس نے متاثرہ خاتون سے بیان ریکارڈ کرانے اور موبائل فون کے حصول کیلئے رابطہ کیا جس پر متاثرہ خاتون کے اہلخانہ نے بیان ریکارڈ کرانے سے معذرت کرلی.

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ابتدائی تفتیش کے بعد ملزمان کے ڈی این اے ٹیسٹ کرائے جائیں گے.

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک 53 مشتبہ افراد کے سیمپل ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھجوائے گئے ہیں.

یاد رہے کہ تین روز قبل لاہور میں گجر پورہ موٹر وے پر پیٹرول ختم ہونے پر خاتون کی گاڑی بند ہو گئی تھی کہ اس دوران دو مسلح افراد کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو موٹر وے سے نیچے لے گئے اور خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ملزمان نے خاتون سے لوٹ مار بھی کی جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو فون بھی کیا لیکن موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔