صحافی شاہینہ شاہین بلوچ کے قتل میں ملوث ملزم تاحال آزاد

860

کوئٹہ: تربت میں قتل ہونے والی سماجی کارکن و صحافی شاہینہ شاہین بلوچ کے قتل میں نامزد ملزم تاحال گرفتار نہ ہوسکا۔

تفصیلات کے مطابق صحافی شاہینہ شاہین بلوچ کو 5 ستمبر کو تربت میں فائرنگ کر کے زخمی کیا گیا تھا، نامعلوم افراد انہیں زخمی حالت میں اسپتال پہنچا کر اپنی گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔ شاہینہ شاہین اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی تھیں۔ پولیس نے واقعہ کی ایف آئی آر درج کرتے ہوئے شاہینہ شاہین کے شوہر کو نامزد کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل میں نامزد ملزم شاہینہ شاہین بلوچ کے شوہر محراب گچکی کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، جلد گرفتار کرلیں گے۔

جسٹس فار شاہینہ شاہین بلوچ کمیٹی نے تربت میں علامتی بھوک ہڑتال کردی ہے۔ تربت میں چوک پر جاری احتجاج میں شاہینہ شاہین بلوچ کے اہل خانہ بھی شریک ہیں۔ ملزم کی عدم گرفتاری کے خلاف علامتی بھوک ہڑتال میں خواتین و بچوں بھی شریک ہیں۔

شرکاء کا مطالبہ ہے کہ شاہینہ شاہین بلوچ کے قتل میں نامزد ان کے شوہر کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے۔