کورونا وائرس: ڈبلیو ایچ او نے بچوں سے متعلق ہدایات جاری کردیں

630

نیویارک: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بچوں میں کورونا وائرس سے متعلق احتیاط کی ہدایات جاری کردیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے ہدایات میں کہا ہے کہ اسکول یا گھر سے باہر جاتے وقت 6 سے 12سال کی عمر کے بچے ماسک کا لازمی استعمال کریں۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق 12سال سے زائد عمر کے بچے بڑوں کی طرح احتیاط اختیار کریں۔

ہدایات کے مطابق بچوں کو کھیل کے میدان میں کھیلتے ہوئے ماسک نہیں پہننا چاہیے، بچوں کے لیے کھیل کی سرگرمیوں میں  کورونا گائیڈ لائنز کا خیال رکھا جائے، اسکول میں بچوں کے لیے کھیل کے دوران ایک میٹر کا فاصلہ رکھا جائے۔

عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ اسکولوں میں  ساتھ کھیلنے والے بچوں کی تعداد میں کمی کی جائے، بچوں کو ہاتھ صاف رکھنے کی سہولت اور اس کے استعمال کی ترغیب دی جائے۔

“دنیا کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستان سے سیکھیں”

ڈبلیو ایچ او نے کوویڈ-19 کے خلاف پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کو سراہتے ہوئے دنیا کو مشورہ دیا ہے کہ کوویڈ-19 وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان سے سیکھیں۔ ڈبلیو ایچ او نے دنیا کو عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان سمیت 7 ممالک سے سیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت ان سات ممالک کی وبا کے خلاف تیاری اور ردعمل دنیا کے لیے سبق ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان، تھائی لینڈ، نیوزی لینڈ، اٹلی، منگولیا، ماریشس اور یوراگوئے کی تقلید کی جا سکتی ہے، کورونا وائرس نے یاد دلایا کہ کثیرالجہتی نظام صحت انتہائی ناگزیر ہے۔

سربراہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ٹیڈروس اڈہانوم کا کہنا ہے ہمیں آئندہ کی عالمی وبا کے لیے تیار اور کورونا وبا سے سبق سیکھنا ہوگا۔