جبری گمشدگی کیخلاف بدین پریس کلب پر احتجاج و علامتی بھوک ہڑتال

93

بدین(نمائندہ جسارت)بدین سمیت سندھ سے جبری اغوا ہونے والے افراد کی بازیابی کے لیے بدین پریس کلب کے سامنے احتجاج اور علامتی بھوک ہڑتال کی گئی بدین سے تعلق رکھنے والے ماسٹر شادی خان سومرو،محفوظ اسماعیل نوتکانی،ڈاکٹر آیت اللہ جروار اورسندھ
کے مختلف علاقہ جات سے سیاسی و سماجی کارکنان کو جبری اغوا کیے جانے کے خلاف ورثا کی جانب سے انعام سندھی ،محمد خان آریسر،اللہ بخش سومرو،عبدالعزیز سومروو دیگر کی قیادت میں بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کے بعد علامتی بھوک ہڑتال کی گئی۔ رہنمائوں نے کہاکہ جبری اغوا کیے جانے والے تمام افراد بے گناہ ہیں ۔جبری گمشدگی آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ رہنمائوںکا مزید کہنا تھا کہ اگر گم کیے افراد غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہیں تو ان کے خلاف مقدمہ درج کرواکر عدالت میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدہ افراد کوفوری بازیاب کیا جائے ۔