سندھ سیکرٹریٹ سے  ڈی جی ایس ڈی  اے کی گاڑی چھن گئی

79

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ سیکرٹریٹ میں گاڑی چوری اور چھینے جانے کی ایک ماہ کے دوران تسلسل سے ساتویں واردات پیش آئی ،ڈائریکٹر جنرل سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی گاڑی سندھ سیکرٹریٹ سے اسلحہ کے زور پر چھین لی گئی، انتظامیہ کار لفٹر سے بے خبر۔ تفصیلات کے مطابق آرام باغ تھانے کی حدود سندھ سیکرٹریٹ میں گاڑی چوری کی وارد ات روکنے کے سارے اقدامات دھرے کے دھرے رہ
گئے،سندھ سیکرٹریٹ میں کار لفٹر کا راج بدستور جاری ہے، چوری چھپے سرکاری گاڑیاں چھیننے والے کارلفٹر اب پولیس اہلکار بن کر گاڑیاں چھیننے لگے، سی سی ٹی وی کیمرے بھی ملزمان کی شناخت سے قاصر ہیں۔سندھ سیکرٹریٹ سے ڈی جی سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی منیر احمد سومرو کی سرکاری گاڑی چھین لی گئی۔ گاڑی جیسے ہی سیکرٹریٹ میں داخل ہوئی سفید شلوار قمیض پہنے مسلح شخص نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے گاڑی نمبر GL-6370ٹیوٹا کرولا سیاہ ماڈل 2005ء کو روکااور منیر احمد سومرو کے ڈارائیور لعل محمد سے کہا کہ یہ گاڑی ڈی ایم سی ملیر کی ہے اور چوری کی گئی ہے۔ ملزم نے ڈرائیور کے ہمراہ بیٹھے دونوںافراد کو گاڑی سے اتارا اور گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر براجمان ہو گیا۔ کار لفٹر نے داخلی راستے پر تعینات اہلکاروں کو بھی اپنا تعارف بحیثیت پولیس اہلکار کرایا۔گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہونے پر سیکورٹی اہلکاروں نے کار لفٹر سے گاڑی باہر نکالنے کا کہا، جس پر بلڈنگ نمبر ایک کے داخلی راستے سے گاڑی کبوتر چورنگی کے گیٹ سے باہر نکال کر کار لفٹر فرارہوگیا۔ واقعیکا مقدمہ 412\20آرام باغ تھانے میں درج کر ادیا گیا ۔