بے بس خاتون پر قیامت گزر گئی ، ریاست مدینہ کے دعویدار تماشائی بنے رہے ، لیاقت بلوچ

169

 

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و صدر قائمہ کمیٹی برائے سیاسی، انتخابی اور قومی امور لیاقت بلوچ نیکہا ہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر خاتون کی آبروریزی بڑا المیہ ہے ۔موٹر وے پولیس کہاں تھی ؟بے بس خاتون پر قیامت بیت گئی اور عمران خان سرکار خاموش تماشائی بنی رہی۔ پنجاب کا سیاسی ،اقتصادی ،انتخابی اور پولیس کا نظام مکمل طور پر منہدم ہوگیا ہے ۔پنجاب پولیس کمانڈر کی بار بار تبدیلی اور پولیس کے محکمے میں من پسند تقرریوں نے پولیس کلچر کو تباہ کردیا ہے ۔ عمران خان کی ضد ،انا ،ناتجربہ کاری اور ٹیم کی نااہلی ملک کے لیے بوجھ بن گئی ہے ۔یہ ملکی تاریخ کی مجموعہ اور ملغوبہ حکمرانی ہے ۔محض دعوئوں ،اعلانات ، مخالفین کی پگڑی اچھالنے کا کھیل عوام کے لیے جان لیوا بن گیا ہے ۔ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے سالانہ تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں کو متحد ہوکرملک و
قوم کو موجودہ بحرانوں سے نکالنا ہے ۔عوام کی حاکمیت اور روایتی سیاست کے خاتمے کے خواب کو بھٹو ،نواز،زرداری خاندانوں او ر عمران خان نے غارت کردیا ہے ۔پاکستان کے اسلامی نظریاتی ،دوقومی نظریے اور تہذیبی سرحدوں کو حقیقی خطرات سے دوچار کردیا گیاہے ۔کورونا وبا کی آڑ میں خراب حکمت عملی کی وجہ سے تعلیمی اداروں کو بند رکھ کر نوجوانوں کے تعلیمی مستقبل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ آن لائن تعلیم کی سہولت پورے ملک کے طلبہ و طالبات کو حاصل نہیں، طلبہ کے جمہوری حقوق چھین لیے گئے ہیں۔ ووٹر کی عمر 18سال ہے مگر اسے قومی سیاست میں ایکٹیو رول ادا کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا جارہا ، طلبہ یونینز فوری بحال کرکے نوجوانوں کو قومی سیاست میں فعال کردار ادا کرنے کا موقع دیا جائے۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ نے چکوال تلہ گنگ سے قومی اسمبلی کے سابق امیدوارڈاکٹر حمید اللہ ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔لیاقت بلوچ نے مرحوم کی عوامی خدمات کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا۔