انتخابی فہرستوں کی معلومات کیلیے ٹیلی ہیلپ لائن کا آغاز

84

اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن نے سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات سمیت انتخابی فہرستوں کی معلومات کے لیے جدید ترین ٹیلی ہیلپ لائن کا آغاز کردیا ہے ،ٹیلی ہیلپ لائن کے ذریعے ملک بھر سے عوام اور ووٹرز انتخابی فہرستوں میں اندراج سمیت سینیٹ اور قومی اسمبلی کے انتخابات کے طریقے کار،فیس شیڈول اور دیگر معلومات حاصل کر سکتے
ہیں۔جمعہ کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے الیکشن کمیشن کی ٹیلی ہیلپ لائن سروس کا افتتاح کیا ،یہ ہیلپ لائن پہلے سے ریکارڈ شدہ صوتی پیغامات پر مبنی سروس ہے جو عام لوگوں کو 24گھنٹے معلومات فراہم کرنے میں معاونت فراہم کرے گی اس کا استعمال کرکے کالر الیکشن کمیشن کی ہیلپ لائن نمبر 051-8848888 پر کال کرکے ٹیلی کمپیوٹرائزڈ سسٹم سے رسپانس حاصل کرسکتے ہیں یہ سہولت اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں عام طور پر پوچھے جانے والے سوالات (FAQs) کے پہلے سے ریکارڈ شدہ صوتی جوابات پر مشتمل ہے ،یہ ہیلپ لائن سروس جدید ترین ڈیجیٹل ٹیلیفونی خدمات کا استعمال کرتے ہوئے معلومات کو آسان انداز میں پھیلاتے ہوئے عوام کی رہنمائی کرے گی، ہیلپ لائن کیذریعے عوام انتخابی فہرستوں میں نام کے اندراج ،درستگی ،مستقل پتے کی تبدیلی ،سینیٹ اور قومی اسمبلی کے الیکشن کا طریقہ کار اور اہلیت سمیت دیگر معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔