قائمہ کمیٹی‘2سے زاید حلقوں سے الیکشن لڑنے پر پابندی کا بل منظور

120

اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے 2 سے زاید حلقوں سے الیکشن لڑنے پر پابندی کا بل منظور کر لیا ہے۔خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں سے متعلق آرٹیکل 51 میں ترمیم کے بل پر پیپلز پارٹی ،(ن)لیگ اور جے یو آئی نے بل کی مخالفت کر دی ہے جبکہ بحث میں حصہ لیتے ہوئے چیئر مین کمیٹی ریاض فتیانہ نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر بڑی جماعتوں کی اجارہ داری ہوتی ہے، پنجاب کے9 ڈویژن میں سے کوئی منتخب خاتون رکن اسمبلی نہیں۔ رکن کمیٹی جنید اکبر نے کہا کہ اقلیتوں اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر براہ
راست الیکشن کرائے جائیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے اس پر اعلیٰ قیادت کی مشاورت لازمی ہے، پارٹی قیادت سے مشاورت کے بغیر کوئی رائے نہیں دے سکتا،انتخابی اصلاحات کے وقت مخصوص نشستوں پر براہ راست الیکشن کی رائے مسترد ہوئی تھی،براہ راست الیکشن میں صرف امیر لوگ ہی اقلیتی نشست پر آئیں گے،پارٹی قیادت کو خدشہ ہوتا ہے کسی حلقے میں الیکشن رک گیا تو مسئلہ ہوگا، یہ سیاسی معاملہ ہے قانونی نہیں، زیادہ حلقوں سے الیکشن عام طور پر وزیراعظم کا امیدوار لڑتا ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ مخصوص نشست والی خواتین ارکان پارلیمنٹ کو کم تر سمجھا جاتا ہے۔جے یو آئی کی رکن کمیٹی عالیہ کامران نے ترمیم کے بل کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ 4،5 لوگوں کے علاوہ کوئی لیڈر زیادہ نشستوں سے الیکشن نہیں لڑتا۔