صوبہ سندھ کی لسانی و انتظامی تقسیم ہرگز قبول نہیں ‘ جماعت اسلامی

208

کراچی (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سندھ کی وحدت پر یقین رکھتی ہے اور صوبے کی لسانی وانتظامی طور پرتقسیم کو ہرگز قبول نہیں کرے گی کیونکہ کہ اس سے لسانیت اور موقع پرست قوتوں کو تقویت ملے گی، یہ بات صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں منظور ہونے والی سیاسی قرارداد میں کہی گئی جو کہ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی کی زیر صدارت قبا آڈیٹوریم میںمنعقد ہوا۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ طاقتوراسٹیبلشمنٹ سندھ
میں جاگیردار اور سرمایہ دار طبقے کو ساتھ ملاکر اپنی گرفت میں رکھنا چاہتی ہے، نان ایشوز کو ایشو بناکر مہنگائی، بے روزگاری،بدامنی ،کرپشن اور نااہلی سے عوام کی توجہ ہٹاکر لڑائو اور حکومت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، کراچی تا کشمور صوبہ سندھ اس وقت دہرے عذاب کا شکار ہے ایک طرف پیپلزپارٹی ،ایم کیو ایم کی بدترین حکمرانی تو دوسری طرف پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کے ناروا سلوک کی وجہ سے سندھ کے عوام شدید اضطراب وپریشانی کا سامنا کررہے ہیں، سندھ کے شہری علاقوں خصوصاً کراچی وحیدرآباد مذکورہ جماعتوں کی کرپشن ولوٹ مار کے باعث گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ہیں، کراچی جس کی شہرت روشنیوں کے شہر کی ہوتی تھی مگر پی پی ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کی نااہل حکمرانی کے سبب اس وقت بے شمار مسائل سے دوچار ہے۔ ایم کیو ایم شہرکی دعویدار ہے مگر وہ صرف اختیارات کا رونا روتے رہے عملی طور پر شہر میں صفائی بھی نہیں کراسکے جو ان کی بنیادی ذمے داری تھی۔ حالیہ بارشوں کے بعد ان کی کارکردگی مزیدعیاں ہوگئی جو کہ ا نتہائی افسوس ناک وشرمناک ہے،سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن اور افسوس ناک ہے۔ کراچی سے کشمور تک ان کی کرپشن کے چرچے ہیں۔ سندھ کا ہر ادارہ تباہی سے دوچار ہے۔سندھ کے کسی بھی شہر میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں جس کے سبب سندھ کے عوام ہیپاٹائٹس سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئے ہیں،سندھ اس وقت بدامنی کی لپیٹ میں ہے، خصوصاً اپر سندھ اغوا برائے تاوان اور قبائلی دہشت گردی نے عوام کا جینا مشکل بنادیا ہے۔پی ٹی آئی حکومت سے عوام خاص طورپر نوجوان نسل خاصی پر امید تھی مگر ان کی 2سالہ کارکردگی نے تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے، وفاقی حکومت نے کراچی تا کشمور سندھ کے عوام کو اس غضبناک گرمی کے باوجود بجلی سے محروم کردیا ہے۔ ان حالات میں عوام کو سوچنا چاہیے کہ وہ کن لوگوں کو حق حکمرانی دے رہے ہیں، جماعت اسلامی سندھ محسوس کرتی ہے کہ سندھ کے عوام سے نارواسلوک بند کیا جائے ۔ کراچی تا کشمور تک بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی جائے ۔ مجلس شوریٰ کے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بلدیاتی نظام کو منظم،وسائل واختیارات کے ساتھ عدالتی حکم کے مطابق بروقت بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔