ایشین بیچ گیمز، کھلاڑیوں کیلیے تربیتی کیمپ لگانے کی تیاریاں

497

اسلام آباد(جسارت نیوز) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے چھٹی ایشین بیچ گیمز کے سلسلے میں کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ لگانے کی تیاریاں شروع کردیں۔ چھٹی ایشین بیچ گیمز آئندہ سال 2 سے 10 اپریل چین کے شہرسانیا میں شروع ہونگے، گزشتہ روز چھٹی ایشین بیچ گیمز کے سلسلے میں کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ لگانے کے حوالے سے اجلاس وزارت بین الصوبائی رابطہ میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کی۔وفاقی وزیر نے تمام شرکا کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اجلاس کی اہمیت پر روشنی ڈالی، اجلاس میں ایونٹ میں تمغے جیتنے، کیمپ لگانے، مقامات اور غیرملکی کوچز کی خدمات کے حوالے سے بات چیت کی۔چھٹے ایشین بیچ گیمز میں پاکستانی دستے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں قومی دستے کو بھیجنے کی اصولی طور پر منظوری دی گئی جس کا فیصلہ بعد میں وزارت بین الصوبائی رابطہ، پاکستان ا سپورٹس بورڈ، نیشنل ا سپورٹس فیڈریشنز اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کرے گی۔ اجلاس میں مختلف ا سپورٹس فیڈریشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ جن میں پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد ظفر، پاکستان والی بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شاہ نعیم ظفر، الپائن کلب پاکستان کے صدرودیگر بھی موجودتھے۔