بدین، پلاسٹک بیگس سپلائی وفروخت کرنیوالی دکانوں پر چھاپے

84

بدین (نمائندہ جسارت) ادارہ تحفظ ماحولیات کی بدین کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، پلاسٹک بیگس سپلائی وفروخت کرنیوالے ہول سیلرز و ریٹیلرز کی دکانوں پر چھاپے۔ مشیر تحفظ ماحولیات و کوسٹل ڈیولپمنٹ و موسمیاتی تبدیلی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈائریکٹر جنرل تحفظ ماحولیات نعیم احمد مغل اور تحفظ ماحولیات ریجنل انچارچ ماحولیات عمران علی عباسی کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ انچارج و ڈپٹی ڈائریکٹر ضلع بدین عبدالرئوف قریشی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب علی خواجہ کی سربراہی میں اپنی ٹیم کے ہمراہ بدین شہر کے مختلف علاقوں میں پلاسٹک بیگز سپلائی و فروخت کرنے والے ہول سیلرز و ریٹیلروں کی دکانوں پر چھاپے، ماحول کو خراب کرنے والی نان بائیو گریڈیبل پلاسٹک بیگ فروخت کرنے والے دکانداروں کو نوٹس جاری کیے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج و ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات ضلع بدین عبدالرئوف اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب علی خواجہ نے میڈیا کو بتایا کہ ریجنل انچارج تحفظ ماحولیات حیدر آباد عمران علی عباسی کی خاص ہدایات پر ہم نے ضلع بدین کے مختلف علاقوں میں پلاسٹک بیگز فروخت کرنے والے چھوٹی بڑی دکانوں پر چھاپے مارے ہیں اور ان دکانداروں، ہول سیلروں اور ریٹیلروں کو سیپا ایکٹ 2014ء کے مطابق نوٹس بھی دیے ہیں۔ شہر کے ان تمام ریٹیلروں و ہول سیلروں کو وارننگ دی ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے پلاسٹک بیگ کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عمل کیا جائے اور جو دکاندار غیر تحلیل شدہ پلاسٹک بیگ کی خریدو فروخت یا تیاری میں پایا گیا تو اس کیخلاف سیپا ایکٹ 2014ء کے مطابق سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔