ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شکارپور کا سول اسپتال کا دورہ

90

شکارپور (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شکارپور نے سول اسپتال شکارپور کا دورہ، ادویات مکمل نہیں مل رہیں، کھانا ایک وقت کا دیا جاتا ہے، مریضوں کے ورثا کی شکایت۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شکارپور مشتاق احمد نے سول اسپتال شکارپور کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران بچوں کے وارڈ اور جنرل وارڈ کا دورہ کیا اور مریضوں سے ادویات اور کھانے پینے کے حوالے سے معلومات حاصل کی۔ خواتین مریضوں نے سیشن جج کو مکمل ادویات نہ ملنے اور ایک وقت کا کھانا ملنے کی شکایت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کھانے کے حوالے سے ایم ایس ڈاکٹر نورالدین ابڑو سے پوچھا تو ڈاکٹر نے کہا کہ ایک وقت کا کھانا دیتے ہیں، جس پر سیشن جج نے ایم ایس ڈاکٹر نورالدین ابڑو اور ڈی ایچ او ڈاکٹر شبیر شیخ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو تین وقت کا کھانا دیا جائے۔ خوراک کی لسٹ ڈاکٹروں کے مشورے سے تیار کی جائے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹروں کا ایک پینل بنایا جائے تاکہ مریضوں کا علاج کرنے والے معالجین کا ایک پینل کھانے پینے کی لسٹ یا مینو کی فہرست تیار کرے تاکہ مریضوں کو پرہیزی کھانا مل سکے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ایم ایم ایس اور ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ بچوں کے وارڈ میں والدین کو بھی دودھ پلانے سے متعلق آگاہ کیا جائے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے سرہینری ہالینڈ آئی اسپتال پر قبضے کے ریونیو کی پیش کردہ رپورٹ پر بے اعتمادی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رپورٹ کو واپس بھیج دیا اور اسسٹنٹ کمشنر کو اسپتال سے متعلق تمام کاغذات پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ معاملے کا جائزہ لیا جائے۔