بلاول متاثرہ علاقوں کے نمائشی دورے کررہے ہیں، عمران قریشی

103

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف ضلع حیدر آباد کے صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ بلاول زرداری بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے نمائشی دورے کررہے ہیں ، اب تک بلاول اور سندھ حکومت نے نہ تو کسی متاثرہ شخص کو امداد دی ہے اور نہ ہی کسی بھی متاثرہ علاقے میں امداد کااعلان کیا ہے جبکہ خود وزیر اعلیٰ سندھ بیشتر اضلاع کو آفت زدہ قرار دے چکے ہیں لیکن وہ صرف میڈیا کوریج کی حد تک دورے کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبے میں متاثر ہونے والے افراد کی بحالی صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے لیکن صوبائی حکومت جو نہ تو کراچی میں بارش متاثرین کو ریلیف فراہم کرسکی اور نہ ہی سندھ کے دیگر اضلاع میں۔ سوائے وفاقی حکومت پر تنقید کرنے کے انہوں نے اب تک کوئی کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیشہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت قدرتی آفات کے موقع پر اسی طرح کا رویہ اختیار کرتی ہے، اس لیے اب عوام کو اپنے ووٹ کو سوچ سمجھ کر استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں فصلیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، زمینداروں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا لیکن ان کا مداوا کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ وفاقی حکومت نے کراچی میں 11 سو ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کرکے کراچی کی بحالی کے لیے عملی اقدامات شروع کردیے ہیں اور جلد ہی سندھ کے دیگر اضلاع کے لیے بھی پیکیج کا اعلان کیا جائیگا۔