وفاقی حکومت صوبہ سندھ کو نظر انداز کررہی ہے، عبدالجبار خان

140

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبہ سندھ کو نظر انداز کررہی ہے۔ صوبے کے عوام بارش اور سیلاب کے باعث بحرانی کیفیت کا شکار ہیں، کراچی سمیت شہری علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، اسی طرح دیہی علاقوں میں فصلیں اور زرعی زمین تباہ ہوگئی ہے لیکن وزیر اعظم نے نہ تو سندھ کے دیہی علاقوں کا دورہ کیا اور نہ ہی ان کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کیا۔ کراچی کے لیے جس پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے اس میں بھی بڑی رقم صوبائی حکومت کو ادا کرنی ہے۔ صوبہ پہلے ہی مالی بحران کا شکار ہے۔ وفاقی حکومت نے این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبہ سندھ کے اربوں روپے کی رقم روکی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے پہلے ہی عوام نے انتہائی مشکل سے وقت گزارا ہے۔ کاروباری بدحالی کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہے، ایسے میں وفاقی حکومت کا رویہ بھی صوبہ سندھ کے ساتھ نامناسب ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے فوری طور پر صوبائی حکومت کی مالی مدد کرے تاکہ صوبے کے عوام کو ریلیف دیا جاسکے۔ اس کے علاوہ بجلی کے مسئلے کو بھی حل کیا جائے، حالت یہ ہوگئی ہے کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے پر کئی کئی روز تک بجلی نہیں ہوتی، عوام سراپا احتجاج ہیں۔