حیدر آباد ، نارا جیل کے پیچھے غیر قانونی تعمیرات ، انتظامیہ خاموش

118

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سائٹ ایریا حیدر آباد میں نارا جیل کے پیچھے سن شائن فلور مل کے ساتھ پنیاری کینال کے کنارے راتوں رات تعمیر ہونے والی غیر قانونی فیکٹری اداروں کا منہ چڑا رہی ہے، ایک طرف تو عدالت عظمیٰ کے حکم کے بعد کراچی سمیت اندرون سندھ کے اندر تمام کینال کے دائیں اور بائیں تجاوزات مہم چلائی گئی جس میں غریبوں کے چھوٹے بڑے مکانات مسمار کردیے گئے وہیں حیدر آباد کے بیچوں بیچ حساس نارا جیل کے پیچھے سن شائن فلور مل کے پاس تعمیر ہونے والی فیکٹری ایک سوالیہ نشان ہے کہ اتنی بڑی تعمیرات کس کے ایما پر کس کی اجازت سے ہوئی۔ محکمہ آبپاشی کی جانب سے تجاوزات کے اعلانات پر مکان خالی کردیا تھا۔ اسی دوران لینڈ مافیا نے اس کی تعمیرات کو مسمار کرکے پونے ایکڑ کی جگہ پر قبضہ کر کے راتوں رات تعمیرات بھی کردی ۔ اہل علاقہ نے حیدرآباد انتظامیہ کمشنر و ڈپٹی کمشنر، پولیس ڈپارٹمنٹ حیدر آباد ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی حیدر آباد، ایری گیشن ڈپارٹمنٹ و اینٹی انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ سیل سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کا نوٹس لیا جائے اور تعمیرات کرانے والے شخص کیخلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرتے ہوئے سرکاری زمین کو کلیئر قرار دیا جائے اور ملوث افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔