بدین سندھ کی تقسیم کیخلاف عوامی تحریک کا احتجاج و ریلی

82

 

بدین (نمائندہ جسارت) بدین سندھ کی تقسیم کی سازش کیخلاف عوامی تحریک کی ریلی اور احتجاج کیا گیا۔ سندھ کی تقسیم اور کراچی کمیٹی سندھ کے شہروں میں نئے شہروں کی بحالی اور غیر ملکی افراد کی رہائش اور سندھ میں بڑھتی ہوئی کمر توڑ مہنگائی اور بدامنی سمیت سندھ کو مسائلستان کا شکار بنانے کیخلاف عوامی تحریک کی جانب سے بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی نکال کر مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں عوامی تحریک کے مرکزی رہنما ایڈووکیٹ وسند تھری، لال جروار، ہاری تحریک کے صدر ڈاکٹر دلدار لغاری، زرقا ہالیپوتہ، ضلع بدین کے صدر میر بشیر تالپورو دیگر نے کہا کہ کراچی کمیٹی کی تشکیل غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام ہے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ قوم کو بتائیں کہ کس قانون کے تحت کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جوکہ سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش ہے۔ سندھ میں نئے شہروں کا قیام سندھ اور اقلیتوں کو اپنے حقوق سے محروم رکھنا ہے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سندھ ایک تھا ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں کے دوران متاثرین آسمان تلے بے یارو مدد گار ہیں لیکن ان کی صدا سننے والا کوئی نہیں ہے۔ حکومتی نمائندے یومیہ بدین ضلع کا دورہ کرکے فوٹو سیشن کروانے میں مصروف ہیں لیکن متاثرین کی امداد کے لیے کوئی بھی تیار نہیں ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں، ہزاروں مکانات منہدم ہوچکے ہیں، متاثرین بے یارو مددگار بیٹھے ہیں۔ حکومت بدین ضلع کے متاثرین کو ریلیف فراہم کرے۔