بلدیاتی ملازمین کی غیر حاضری پر کارروائی ہوگی ، ڈی سی جامشورو

89

 

کوٹری (پ ر) ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی نے کہا ہے کہ شہریوں کو بہتر سہولت کی فراہمی اور صحت وصفائی کا خاص خیال رکھا جائے، بلدیہ حکام ملازمین کی حاضری کو یقینی بنائیں، غفلت و لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بھر کے بلدیہ افسران اور ایڈمنسٹریٹر کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلع کونسل جامشورو میونسپل کمیٹیز، ٹاؤن کمیٹی اور یونین کونسل کے ایڈمنسٹریٹر اور افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی جامشورو نے بلدیہ افسران کو ہدایت دی کہ اپنے اپنے علاقوں بالخصوص یو سی سطح پر صحت و صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے، سینیٹری ورکرز اور بلدیہ ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کو ہدایت دی کہ وہ بلدیاتی امور کی نگرانی کے ساتھ عوامی شکایت کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔ اجلاس میں افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نظام کو بہتر طریقے سے چلانے کے لیے سرکاری وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، انتظامی امور قواعد وضوابط کے مطابق کیے جارہے ہیں۔ فرید الدین مصطفی نے کہا کہ عوامی شکایت کو فوری حل کرنے کے لیے اقدامات عمل میں لائے جائیں اور بلاتفریق کام کیا جائے، فرائض میں غفلت ولاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور مرتکب افراد کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو متنبہ کیا کہ سرکاری وسائل کو عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ اور غیر ضروری اخراجات سے اجتناب کیا جائے۔