وزیراعلیٰ سندھ نے بارش متاثرین کے لیے 70 کروڑ کی گرانٹ منظور کرلی

193

 

کراچی(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں اور ریلیف اقدامات کے لیے 70 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کرلی، ساتھ ہی کراچی میں خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کر کے انہیں خالی کروانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، ریلیف کمشنر قاضی شاہد پرویز، پی ایس سی ایم ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی سہیل راجپوت، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شلوانی، سیکریٹری خزانہ حسن نقی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس میں بتایا کہ انہوں نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کے ساتھ بارشوں سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کیا جس میں کراچی، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، سانگھڑ اور بدین شامل ہیں اور وہاں
عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ریلیف ورک کے لیے فنڈز کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے سیکرٹری خزانہ کو فوری طور پر 70 کروڑ روپے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) اور ایس ایم بی آر کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے لیکن یہ کافی نہیں ہے، دیہی علاقوں کے عوام جانوروں کے چارے اور مچھر دانیوں کا مطالبہ کررہے ہیں۔جس پر ایس ایم بی آر نے بتایا کہ ان کا محکمہ اور پی ڈی ایم اے بارشوں سے متاثرہ افراد کو ہر قسم کا ریلیف فراہم کریں گے لیکن جانوروں کے لیے چارہ اور ادویات فراہم کرنے کی ذمہ داری محکمہ لائیو اسٹاک کی ہے۔اجلاس میں چیف سیکریٹری ممتاز شاہ نے بتایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک نے ملیر، سرجانی ٹاؤن، بدین، عمر کوٹ، میر پور خاص، سانگھڑ اور تھرپارکر میں جانوروں کے علاج کے کیمپس قائم کردیے ہیں جبکہ جانوروں کے لیے چارہ بھی فراہم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ وہ متاثرہ افراد کی مدد اور جلد بحالی کے لیے فنڈز کے انتظام کرنے کے لیے ایک منصوبے پر کام کررہے ہیں۔ علاوہ ازیںوزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں پانی کے فراہمی کے بڑے منصوبے کے فور کے سلسلے میں وفاق کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کو خط لکھ کر یقین دہانی کرائی۔اپنے خط میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کو دنیا کا بہترین قابل رہائش اور محفوظ شہر بنانا وفاقی اور صوبائی حکومت کا مشترکہ مشن ہے، شہر کو فراہمی آب کا منصوبہ کے فور دو سال سے زیر التوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ کراچی کو فراہمی آب کے لیے اہم ترین ہے، ستمبر 2018 میں کے فور کی لاگت اور انتظامی معاملے پر سنگین شکایات آئیں، 2سال سے مختلف وجوہات سے کے فور منصوبہ زیر التواء ہے۔