کراچی میں عظیم الشان عظمت صحابہ کانفرنس گستاخوں کو سزا دینے کا مطالبہ

597
کراچی:شاہراہ قائدین پرتوہین صحابہ کیخلاف دینی جماعتوںکی جانب سے منعقدہ ریلی میں شرکا کی بڑی تعداد موجود ہے

 

کراچی(نمائندہ جسارت) علمائے کرام نے کہا ہے کہ جن ممالک میں اسلام کی شان میں گستاخی کی گئی حکومت ان ممالک سے فوری سفارتی تعلقات ختم کرے۔اس معاملے کو او آئی سی کے پلیٹ فارم سے عالمی سطح پر اٹھائے۔پاکستان میں مقدس شخصیات کی توہین روکنے کے لیے مزید موثر قانون سازی کی جائے۔ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی محمد تقی عثمانی بذریعہ پیغام۔مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان۔مولانا اورنگزیب فاروقی۔قاری محمد عثمان۔ مولانا عبدالکریم عابد۔ مولانا قاضی احسن۔قاری حق نواز۔مولانا طلحہ رحمانی۔مولانا فضل سبحان سمیت دیگر علمائے کرام نے جمعہ کو شاہراہ قائدین پر علماء کمیٹی کراچی کے تحت عظمت صحابہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا تقی عثمانی کا پیغام سناتے ہوئے مولانا راحت ہاشمی نے کہا کہ فرقہ واریت پھیلانا ملک سے غداری اوربے وفائی ہے۔ حکومت سے تین مطالبات کرتا ہوں۔جن لوگوں نے صحابہ کی شان میں
گستاخی کی انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔اشتعال انگیزی روکنے کے لیے موثر قانون سازی کی جائے۔اگرکسی وجہ سے جلوس پر مکمل پاپندی عاید نہیں کی جاسکتی تو پھر جلوس کے اوقات کار اور جگہوں کو محدود کیا جائے۔مجھے امید ہے کہ میرے مطالبات پر غور ہوگا ،ہر معقول شخص اس کو منظور کرے گا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام پر امن ہیں۔ان کو صحابہ کی توہین کسی صورت میں برداشت نہیں ہے۔عظمت صحابہ کے معاملے پر سب ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے کے حالات تبدیل ہورہے ہیں کچھ عناصر ملک کے حالات خراب کرنا چاہتے ہیںلیکن ہمیں اپنے اتحاد سے ان کا مقابلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ توہین صحابہ میں ملوث ہیںان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عظمت صحابہ کے لیے جدوجہد کرانے والی تمام تنظیموں کے ساتھ ہیں،ہم مفتی منیب الرحمن اور جماعت اہلحدیث کے پروگراموں کی بھی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے مطالبات کو فوری منظور کرے۔اپنے خطاب میں دیگر علمائے کرام نے کہا کہ ہم کبھی فرقہ واریت نہیں پھیلاتے۔ہم توہین صحابہ برداشت نہیں کریں گے اور عظمت صحابہ کا دفاع کریں گے۔ملک میں اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔علمائے کرام نے کہا کہ ملک میں امن قائم کرنا ریاست کی ذمے داری ہے جو وہ پوری کرے ۔حکومت مذہبی پروگراموں کے انعقاد کے لیے ضابطہ اخلاق سے متعلق قانون سازی کرے۔ ایک بااختیار بورڈ بنایا جائے جو فرقہ واریت کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔کانفرنس میں مختلف قراردادیں منظور کی گئیں۔