موٹروے زیادتی کیس، مسلم لیگ (ن) کا سی سی پی او لاہور کی برطرفی کا مطالبہ

238

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے موٹر وے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کے واقعے پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی اور لاہور کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے، ن لیگ کا کہنا ہے کہ جب تک یہ سی سی پی او لاہور رہا عورتوں کی عزت محفوظ نہیں ،عمر شیخ بھی اسی سزا کے مستحق ہیں جو زیادتی کرنے والوں کو دی جائے۔واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور اس پرسیاست نہ کی جائے، سی سی پی او لاہور کا بیان مجرموں کو تحفظ فراہم کر رہا ہے ،وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ سمیت پوری حکومت خاموش ہے ،ظلم کی انتہا ہے ،ملک میں کوئی قانون نام کی چیز نہیں ، فوری طورپر سی پی او کو نوکری سے نکالا جائے،واقعے کی تحقیقات میں دہشت گردی کی دفعات لگائی جائیں۔ جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاکہ اس حیوانی واقعے اور درندگی کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں، اس پر ظلم کی بات یہ ہے کہ بطور سوسائٹی ہمارے مائنڈ سیٹ درندہ صفت ہیں۔انہوںنے کہاکہ اس واقعے پر سیاست نہ کی جائے ،ان بیٹوں بیٹیوں اور خاندان کے کیا جذبات ہونگے جب انھیں پتا چلا ہو گا ۔ انہوںنے کہاکہ یہ درندگی ، مائنڈ سیٹ ایسا ہے جس کو بیان نہیں کیا جا سکتا اور جو محافظ ہیں جو قانون نافذ کرتے ہیں وہ مجرموں کی حفاظت کرتے ہیں اور مظلوموں کے خلاف بات کرتے ہیں، سی سی پی او لاہور کہتے ہیں کہ میں حیران ہوں وہ عورت رات موٹروے پر کیوں گئی یہ وہ کہہ رہا ہے جو محافظ ہے جو لاہور کا پولیس چیف ہے، وہ حیران نہیں کہ اسکے بچوں کے ساتھ زیادتی کی گئی، ظلم کی یہ انتہا ہے وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ سمیت پوری حکومت خاموش ہے، انہوں نیکہاکہ ملک میں گیارہ کروڑ عورتوں کو تحفظ نہیں ،ملک میں کوئی رٹ آف اسٹیٹ نہیں، کوئی قانون نام کی چیز نہیں۔