تبدیلی سرکارکے دعوے وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے

55

کوئٹہ (آن لائن) تبدیلی سرکار کادیگر دعوئوں کی طرح وی آئی پی پروٹوکول کے خاتمے کا وعدہ بھی دھرے کا دھرے رہ گیا، وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد کے موقع پر وی وی آئی پی موومنٹ کے باعث پورے شہر کو بند کردیا گیا، سڑکوں پر طویل انتظار سے شہری مشکلات سے دوچار تھے،پولیس اہلکاروں نے بھی پوچھنے پر شہریوں اور خواتین سے تلخ کلامی کی، عوامی حلقوںنے حکام بالاسے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعظم کی آمد کے موقع پر صوبائی دارالحکومت کو ائرپورٹ روڈ، نواں کلی موڑ، سریاب روڈ، زرغون روڈ، جی پی اوچوک، سرکلر روڈ، پشین اسٹاپ ، بینظیر بھٹو فلائی اوور و ملحقہ شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے سڑکوں کو مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا۔ ائرپورٹ روڈ پر ٹریفک حادثے میں زخمی افراد ایمبولینس میں تڑپتے رہے مگر کسی نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔